ویب ڈیسک
ایک معروف فرانسیسی فیشن برانڈ نے حال ہی میں اپنے ہینڈ بیگ کا نیا منفر ورژن متعارف کروایا ہے، جو کرہ ارض پر موجود ہلکے ترین ٹھوس مادے ‘ایروجیل’ سے تیار کیا گیا ہے۔ اس حیران کن ہینڈ بیگ کا وزن صرف 37 گرام ہے۔ کوپرنی نامی کمپنی ہر سال اپنے سوائپ بیگ کے نئے ورژن کو نئے، منفرد اور فکر انگیز طریقے سے تخلیق کرتی ہے۔ رواں سال، کمپنی نے اس بیگ کو مزید خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا ہے۔
اس فرانسیسی برانڈ نے یونان کے محقق اور بصری آرٹسٹ لونیس مائیکلاڈیس کے ساتھ مل کر دنیا کا سب سے ہلکا ہینڈ بیگ بنایا ہے جسے ‘ایروجیل’ نامی مواد کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔
سلیکا ایروجیل دنیا کا سب سے ہلکا ٹھوس مواد ہے، جو 99 فیصد ہوا اور صرف ایک فیصد شیشہ پر مشتمل ہے۔
یہ اسٹینلیس سٹیل کے سانچے میں خاص خشک کرنے والے عمل کے ذریعے بنایا جاتا ہے، جو خاص درجہ حرارت اور دباؤ کے زیر اثر مائعات کو شیشے میں تبدیل کرتا ہے۔