لاہور:پنجاب میں ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو فی یونٹ 14 روپے کا ریلیف نہیں دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، 200 یونٹ تک بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے اور اس میں پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں قسم کے صارفین شامل ہیں۔
تاہم، ماہانہ 201 سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو فی یونٹ 14 روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق، بجلی کے ٹیرف میں ریلیف اگست اور ستمبر 2024ء کے بلوں میں نافذ ہوگا۔
پنجاب حکومت بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم کرنے کی درخواست نیپرا میں دائر کرے گی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ہر صوبہ اپنے بجٹ سے صارفین کو بجلی پر ریلیف فراہم کر سکتا ہے، لیکن اس کے لیے نیپرا کی منظوری ضروری ہے۔
پنجاب حکومت کی طرف سے بجلی کے ریلیف پر عملدرآمد نیپرا کی منظوری کے بعد شروع ہوگا۔
یاد رہے کہ دو دن پہلے، پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے اعلان کیا تھا کہ پنجاب میں 500 یونٹ تک کے بجلی صارفین کے لیے 14 روپے فی یونٹ کمی کی جائے گی، اور اس بوجھ کو صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔
لاہور میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت کے مختلف شعبوں سے 45 ارب روپے نکال کر عوام کو ریلیف فراہم کریں گے، اور شہباز شریف کو بھی بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔