شہباز شریف نے آئی ایم ایف پروگرام کو پاکستانی تاریخ کا آخری پروگرام قرار دے دیا

نیوزڈیسک

0

اسلام آباد:وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستانی تاریخ میں یہ آخری آئی ایم ایف پروگرام ہونا چاہیے۔

انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتایا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے تاکہ معیشت میں استحکام اور بہتری لائی جا سکے۔

وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ سفر لمبا ہے، لیکن ہمیں تیزی سے آگے بڑھنا ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ اللہ پر بھروسہ ہے کہ ہم اپنی منزل تک پہنچیں گے، یہ مشکل سفر ہے مگر ناممکن نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کا بوجھ آہستہ آہستہ کم ہو رہا ہے، اور اسمگلنگ کا خاتمہ ہماری ترجیح ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمارے ملک کے پاس معدنی وسائل کی بھرپور فراوانی ہے اور قوموں نے دن رات محنت کر کے حالات بدل دیے ہیں۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہماری ترجیح ہے اور ہم اپنے اہداف کے حصول پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

10 نکاتی ایجنڈہ زیرِ غور

اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس میں وزارتِ ہاؤسنگ کی سمری پر رولز آف بزنس میں ترمیم کی منظوری دی جائے گی، جس کے تحت پی ڈبلیو ڈی کو ختم شدہ (DEFUNT) ادارہ قرار دیا جائے گا۔

کابینہ کے اجلاس میں پاکستان میں مذہبی برداشت اور رواداری کی حکمت عملی 2024ء کی منظوری دی جائے گی، ساتھ ہی بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی کی بھی منظوری دی جائے گی، جو دونوں وزارتِ مذہبی امور کی سمریاں ہیں۔

اس کے علاوہ، اجلاس میں ای سی سی کے 30 اگست کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.