اسلام آباد:بنگلا دیشی ٹیم اور مینجمنٹ کے ارکان، جو کہ حالیہ ٹیسٹ سیریز کے فاتح رہے ہیں، کراچی ایئرپورٹ سے دو مختلف پروازوں کے ذریعے دبئی اور قطر روانہ ہوگئے ہیں۔
ٹیم کے کھلاڑی اور آفیشلز رات دیر سے اسلام آباد سے کراچی پہنچے اور اس رات کراچی کے ہوٹل میں قیام کیا۔
فاتح ٹیم کو سخت سیکیورٹی میں کراچی ایئرپورٹ تک پہنچایا گیا، جہاں سے وہ دبئی اور دوحہ کے راستے بنگلا دیش واپس جائیں گے۔
مقدمہ قتل، شکیب الحسن وطن واپس نہیں جا رہے
واضح رہے کہ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شکیب الحسن قتل کے مقدمے میں نامزد ہونے کے بعد وطن واپس نہیں جا رہے۔
سینئر کھلاڑی رات کے وقت ٹیم سے الگ ہو کر کراچی سے دبئی جانے والی فلائٹ ای کے 607 کے ذریعے دبئی چلے گئے ہیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق، شکیب الحسن نے کراچی سے دبئی کا ٹکٹ خریدا تھا اور وہ فی الحال دبئی میں قیام کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شکیب الحسن کی بنگلا دیش واپسی کا فیصلہ نگراں حکومت کرے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں موجودگی کے دوران 22 اگست کو شکیب الحسن کے خلاف ڈھاکا میں ایک نوجوان کے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ان پر حکومت مخالف مظاہروں کے دوران گارمنٹس فیکٹری کے ملازم محمد روبیل کے قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے، جنہیں مظاہرے کے دوران ہلاک کر دیا گیا تھا۔