ویب ڈیسک
رمضان المبارک میں سحر و افطار کے وقت کھانے پینے کا انتخاب بہت اہم ہوتا ہے، تقریباً 15 گھنٹے کے روزے کے بعد بھی اگر ہم صحت مند غذا کا انتخاب نہ کریں تو جسم کی توانائی میں کمی ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب، موسم گرما کی شدت میں ہر دن کے ساتھ گرمی بڑھتی جا رہی ہے اور رمضان المبارک میں روزہ رکھنے والوں کو بھی اس سے مشکلات کا سامنا ہے۔
اس لئے سحر اور افطار کے وقت کچھ خاص مشروبات کا استعمال آپ کو اس شدید گرمی سے بچانے میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق، بہترین مشروبات کو افطار اور سحری میں شامل کر کے بہترین فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں، اس لئے چند مشروبات کا ذکر درج ذیل کیا گیا ہے
ناریل کا پانی
پانی کے بعد یہ سب سے قریبی قدرتی مشروب ہے جو جسم کو ہائیڈریٹ رکھتا ہے۔ یہ جسم کو تازہ دم کرتا ہے اور اس کا میٹھا ذائقہ زبان کا مزہ بھی دوبالا کرتا ہے۔ یہ شفاف سیال روزے کے طویل دورانیے کے بعد جسم کو ڈی ہائیڈریشن سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔
لیموں پانی
یہ دنیا بھر کا مقبول ترین مشروب ہے جو کہ جسم کو توانائی سے بھرپور بنانے کے ساتھ ساتھ پیاس کو بھی مٹاتا ہے۔ یہ وٹامن سی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے جبکہ نظام ہاضمہ کو بھی بہتر کرتا ہے۔ اس مشروب کے استعمال سے جسم کی صفائی بھی ہوتی ہے جبکہ رمضان میں سینے میں جلن یا پیٹ پھولنے کی عام تکلیف کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔
لسی
لسی کو تو گرمیوں کا ہی مشروب کہا جاتا ہے، دہی سے بننے والا یہ مشروب میٹھا یا نمکین ہوسکتا ہے، جو کہ نظام ہاضمہ کو بہتر کرنے کے ساتھ جسم کو توانائی سے بھی بھرپور بناتا ہے۔
گنے کا رس
یہ گرمی کی شدت بھگانے کے لیے بہترین مشروب ہے جو کہ انرجی ڈرنک کی طرح ہی کام کرتا ہے۔ ایک گلاس گنے کا ٹھنڈا رس روزے کے بعد جسم میں توانائی کی کمی کو دور کرتا ہے، اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہونے کی وجہ سے یہ جگر کو طاقت دیتا ہے جبکہ زہریلے مواد کو جسم سے باہر نکالتا ہے۔