اسلام آباد:معروف پاکستانی ٹک ٹاکر اور اداکارہ جنت مرزا کو جاپانی طرزِ زندگی پر تنقید کرنا مہنگا پڑگیا۔
حالیہ دنوں میں جنت مرزا نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے جاپان کی طرزِ زندگی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
میزبان حنا الطاف نے ان سے سوال کیا کہ ہم نے جاپان کے بارے میں سنا ہوا ہے کہ وہاں کے لوگ صفائی کا بہت خیال رکھتے ہیں تو اس بات میں کتنی سچائی ہے؟
اداکارہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جاپان میں سب سے بڑا مسئلہ عوامی مقامات پر کوڑا دانوں کی کمی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جاپانی اصول یہ ہے کہ جو بھی کچرا ہوتا ہے، اسے اپنے ساتھ گھر لے کر جانا پڑتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جاپان میں کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لیے مختلف مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔
مثال کے طور پر، اگر آپ پانی کی بوتل پھینکنا چاہتے ہیں تو پہلے اس پر لگا لیبل الگ کریں، بوتل کو دبا کر سیدھا کریں اور اسے مخصوص کوڑے دان میں ڈالیں، جبکہ بوتل کا ڈھکن کسی اور کوڑے دان میں ڈالنا ہوگا۔
ڈک ٹاکر نے کہا کہ جاپان کے ایسے اصولوں کی وجہ سے ہر گھر میں کم از کم تین کوڑے دان رکھے جاتے ہیں، اور صفائی کا یہ نظام ان کے لیے غیرمعمولی معلوم ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ جاپانی لوگ اس معاملے میں نفسیاتی ہیں کیونکہ کھانے پینے کے بعد کچرے کو اس طرح الگ الگ کرنا ان کے نزدیک عجیب ہے۔
جنت مرزا کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور ان کے بیان پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ جاپانیوں کا صفائی کا نظام ان کے اپنے ملک کے ساتھ محبت اور وفاداری کا بہترین مظہر ہے، اور یہی وجہ ہے کہ دنیا ان سے متاثر ہے۔
مزید پرئیے:https://urdu.thepenpk.com/?p=5862