اسلام آباد:وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ، علیم خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی مضبوطی کے لئے خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کی جا رہی ہے۔
فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے وفاقی وزیر علیم خان سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی معاشی معاملات پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر علیم خان کا کہنا ہےکہ سرمایہ کاری اور معاشی لحاظ سے یورپی ممالک انتہائی اہم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نجکاری ہونے والے تمام ادارے منافع کمانے اور بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
علیم خان کا کہنا تھا کہ کراچی سے سکھر موٹر وے اولین ترجیح ہے تاکہ پشاور تک روڈ نیٹ ورک مکمل ہو سکے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین اور وسط ایشیائی ممالک تک روڈ نیٹ ورک مکمل کر کے تجارت کو فروغ دیں گے۔
ملاقات کے دوران، فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے کہا کہ پاکستان جدید ٹیکنالوجی، دفاعی پیداوار اور آئی ٹی میں فرانس کی مہارت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
مزید برآں، ملاقات میں پاکستان اور فرانس کے مابین دو طرفہ تجارت میں اضافے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی بات چیت کی گئی۔