لاہور:لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر 14 اگست کو عوامی اجتماع کی اجازت نہ دینے کی پالیسی طلب کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ اور ڈپٹی کمشنر سے کل رپورٹ طلب کر لی۔
پی ٹی آئی نے مینار پاکستان گراؤنڈ پر جلسے کی اجازت کے لیے درخواست دی تھی۔
سماعت کے دوران عدالت نے سوال اٹھایا کہ کیا حکومت کے پاس جلسے جلوس کی اجازت دینے یا نہ دینے کا استحقاق ہے یا کوئی پالیسی اس کا تعین کرتی ہے؟ کیا 14 اگست کو عوام کو تہوار منانے کی اجازت نہیں دی جائے گی؟
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ صرف پی ٹی آئی کو جلسے جلوس کی اجازت نہیں دی جا رہی اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ ہمارا جلسہ پرامن ہوگا۔
سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ سیکیورٹی خدشات کی بنا پر پی ٹی آئی کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی اور پیپلز پارٹی کو بھی جلسوں کی اجازت نہیں دی گئی۔