چکوال: سفاک باپ نے اپنی ایک بیٹی کو قتل ، دوسری کو زخمی کر کے فرار

نیوزڈیسک

0

چکوال:پنجاب کے ضلع چکوال میں ایک سنگدل باپ نے اپنی دو بیٹیوں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ دوسری کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ بھون کلر کہار کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ملزم باپ محمد زمان فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہو گیا۔

زخمی ہونے والی 13 سالہ بچی کو پہلے ڈی ایچ کیو اور بعد میں راولپنڈی کے اسپتال منتقل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملزم ایک ٹرک ڈرائیور ہے جو کافی عرصے سے بے روزگار تھا اور نشے کی لت کا شکار تھا، جس کی وجہ سے اس کا اپنی بیوی کے ساتھ اکثر گھریلو تنازعہ ہوتا رہتا تھا۔

ذرائع کے مطابق، بیوی ناراض ہو کر اپنے میکے چلی گئی تھی۔ ملزم کے چھ بچے ہیں، جن میں ایک بیٹا اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔قتل کی مبینہ واردات کا سبب یہی گھریلو جھگڑا بتایا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم غصے میں آ کر اپنے تمام بچوں کو قتل کرنا چاہتا تھا، تاہم گولیوں کے پھنس جانے کے باعث پستول نے کام نہیں کیا، جس پر وہ موقع سے فرار ہو گیا۔

ایس ایچ او تھانہ کلر کہار، بدر منیر، پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں۔

چکوال پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.