اسلام آباد:سابقہ اداکارہ نور بخاری نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کرتے ہوئے اپنے روحانی سفر کے بارے میں انکشاف کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی زندگی میں بڑی تبدیلی اُس وقت آئی جب ان کا دل بری طرح ٹوٹا۔ اس واقعے کے بعد، انہوں نے فلمی دنیا کو چھوڑ کر اللہ کے حکم کے مطابق زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔
نور بخاری نے وضاحت کی کہ اللہ نے انہیں اس وقت بھی سب کچھ دیا جب وہ بہت کچھ غلط کر رہی تھیں اور اس کے حکم کی پیروی نہیں کر رہی تھیں۔
انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے ایک مشکل دور کا ذکر کیا، جب ان کی بہن انہیں ڈاکٹر محمد جاوید کے پاس لے کر گئی، جہاں ان کی تھراپی ہوئی اور وہ دوبارہ خوش ہونے لگیں۔
نور بخاری نے بیان کیا کہ ایک بڑے صدمے کے بعد، انہوں نے اللہ سے جڑنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کوشش کی کہ اپنے گھر والوں، دوستوں، اور شوہر کو خوش رکھ سکیں، لیکن جب سب کچھ ٹھیک نہ ہوا، تو انہوں نے اللہ کی طرف رجوع کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اللہ کی تلاش میں مختلف جگہوں پر گئیں، مجالس میں شرکت کی اور روحانی ہستیوں سے ملیں، لیکن انہیں یہ سمجھ آیا کہ اللہ انہیں ڈاکٹر جاوید کے ذریعے ملا۔
اس کے بعد، انہوں نے دوبارہ ڈاکٹر جاوید کے پاس جا کر کہا کہ انہیں اللہ چاہیے اور اسی سے ان کے دین کی طرف سفر کا آغاز ہوا۔
نور بخاری نے بتایا کہ اللہ سے جڑنا ان کے لیے ایک خوبصورت تجربہ ہے، اور سب سے بڑا خزانہ یہ ہے کہ اللہ انسان کو حضرت محمد ﷺ اور اہلِ بیت کی محبت عطا فرمائے، کیونکہ اس محبت کے بعد ہی انسان دنیا کے بنائے جانے کا مقصد سمجھ پاتا ہے۔