اسلام آباد:اکثر گھروں میں وقت کی کمی کی وجہ سے صبح کے اوقات میں پھلوں کا استعمال کیا جاتا ہے، کیونکہ انہیں پکانے کی ضرورت نہیں ہوتی اور یہ جلدی تیار ہو جاتے ہیں۔
لیکن طبی ماہرین کے مطابق، صبح کے وقت پھلوں کا استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
ماہرِ غذائیت ڈاکٹر شلپا اروڑا، جو برطانیہ میں مائیکرو بائیوٹک کوچ کے طور پر کام کرتی ہیں، کے مطابق کیلا جو صبح کے ناشتے کے لیے مقبول ہے، اگر خالی معدے پر کھایا جائے تو نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
کیلا آئرن، ٹرپٹوفن، وٹامن بی6، وٹامن بی، اور مٹھاس سے بھرپور ہوتا ہے اور انرجی بوسٹ کرتا ہے، لیکن اس کا خالی معدے پر کھانا صحت کے لیے مفید نہیں ہے۔
امریکا کے محکمہ زراعت کے مطابق، ایک مناسب سائز کے کیلے میں تقریباً 89 کیلوریز ہوتی ہیں اور اس میں پانی کی مقدار بھی ہوتی ہے جو ہائیڈریشن میں مددگار ہے۔
تاہم، کیلے میں میگنیشیئم، کیلشیئم، پوٹاشیئم، اور فائبر کی زیادہ مقدار کی وجہ سے اسے نہار منہ کھانا مناسب نہیں ہے۔
خالی معدے پر کیلا کھانے سے میگنیشیئم کی مقدار بڑھ سکتی ہے جو دل کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
تحقیقات کے مطابق، کیلا میں موجود شوگر کی زیادتی کی وجہ سے ابتدائی طور پر توانائی کا احساس ہوتا ہے، مگر جلد ہی بھوک لگ سکتی ہے، جس سے مزید کھانے کی خواہش بڑھ جاتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ ناشتے میں کیلا کھانا چاہتے ہیں، تو اسے دوسرے پھل، روٹی، یا دلیہ کے ساتھ استعمال کرنا بہتر ہوگا تاکہ یہ ایک مکمل اور صحت مند ناشتہ بن سکے۔
ڈاکٹر بی این سنہا کے مطابق، نہار منہ پھل کھانا تکنیکی طور پر مناسب نہیں ہے، چاہے وہ کیلا ہو یا کوئی اور پھل۔ ترش پھلوں میں موجود ایسڈ خالی معدے پر سینے کی جلن اور گیسٹرک السر کا سبب بن سکتا ہے۔
آج کل پھلوں میں کیمیکلز کا استعمال بھی ہوتا ہے، جو ان کی غذائیت کو متاثر کر سکتا ہے، اس لیے نہار منہ پھل کھانے سے گریز کرنا بہتر ہے۔
مزید برآں، ‘نیوٹریشنز’ میگزین میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق، کاربوہائیڈریٹس والے پھلوں کا استعمال پروٹین اور چکنائی والی سبزیوں کے بعد کرنا چاہیے تاکہ خون میں شوگر کی سطح مستحکم رہے، خاص طور پر ذیابیطس کے مریضوں کے لیے زیادہ مفید ہے۔
ماہرین کے مطابق، عموماً نہار منہ پھلوں کا استعمال نہ کرنے کی تجویز دی جاتی ہے، خاص طور پر آم، خربوزہ، اور آلوبخارہ، کیونکہ ان میں چکنائی کو ہضم کرنے والے وٹامنز ہوتے ہیں اور انہیں چکنائی والے کھانوں کے بعد کھانا مفید ہوتا ہے۔
دن کے کس اوقات میں پھل کھانا بہتر ہے؟
یہ حقیقت ہے کہ پھل غذائیت سے بھرپور اور توانائی سے بھرے ہوتے ہیں، لیکن بعض لوگوں کے لیے پھلوں کا استعمال کچھ احتیاط کے ساتھ کرنا بہتر ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق، اگرچہ پھل دن کے کسی بھی وقت کھائے جا سکتے ہیں، کچھ پھل جیسے کیلا، مالٹا، سیب، انار، موسمی، چکوترا، اور نارنجی نہار منہ پیٹ میں گیس، تیزابیت، سینے میں جلن، اور شوگر لیولز میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔
ٹائپ ٹو ذیابیطس میں مبتلا افراد کے لیے یہ بہتر ہے کہ وہ زیادہ شکر والے پھل کھانے کے بجائے انہیں کھانے کے دوران استعمال کریں، اور کھانے سے پہلے اور بعد میں پھلوں سے پرہیز کریں۔
ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ سونے سے پہلے کیلا کھانا فائدے مند ہوتا ہے کیونکہ یہ جسم کو پوٹاشیم فراہم کرتا ہے، جبکہ کھجور اور خوبانی میں موجود میگنیشیئم بھی سونے سے پہلے فائدہ مند ہوتا ہے۔