اسلام آباد:پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے راولپنڈی میں جلسے کے لیے دائر درخواست واپس لے لی ہے۔
پی ٹی آئی کی قیادت نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں یہ درخواست واپس لینے کا فیصلہ کیا۔بانیٔ پی ٹی آئی نے راولپنڈی جلسے کے لیے درخواست واپس لینے کی ہدایت کی تھی۔
یاد رہے کہ عمران خان نے گزشتہ روز 28 ستمبر کو راولپنڈی میں ہونے والا جلسہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا، کیونکہ انتظامیہ اور عدالتوں نے انہیں جلسے کی اجازت نہیں دی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 28 ستمبر کو راولپنڈی میں احتجاج ہوگا، اور ہم لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ سے اپنی درخواست واپس لے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں علم ہے کہ انتظامیہ جلسے کی اجازت نہیں دے گی، مگر عوام پھر بھی باہر نکلیں گے۔ اس لیے، اب ہم راولپنڈی میں ہفتے کو بھرپور احتجاج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
دوسری جانب، راولپنڈی میں متوقع احتجاج کے حوالے سے پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مارے ہیں۔
پولیس کے مطابق، انہوں نے پی ٹی آئی کے رہنما شہریار ریاض، راجہ بشارت، عاطف ریاض، اور راشد حفیظ کے گھروں پر چھاپے مارے، مگر وہ وہاں موجود نہیں تھے، جس کی وجہ سے کوئی گرفتاری نہیں ہو سکی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 28 ستمبر کو راولپنڈی میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔