اسلام آباد:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئر بیس کا دورہ کیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے آرمی چیف کا ایئر بیس پہنچنے پر استقبال کیا، جبکہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔
جنرل سید عاصم منیر نے کثیر القومی مشق انڈس شیلڈ 2024ء کا مشاہدہ کیا، جو کہ خطے کی سب سے بڑی کثیر القومی مشق ہے۔
آرمی چیف نے پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں اور مختلف اپ گریڈیشن پروگرامز پر اطمینان کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف نے مشقوں کے آپریشنز اور ٹیکنالوجیز کا بھی مشاہدہ کیا اور سیکیورٹی چیلنجز سے ہم آہنگ رہنے کے لیے پاک فضائیہ کی کوششوں پر بریفنگ لی۔
انہوں نے ایئر کریو سے بھی گفتگو کی اور فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پی اے ایف کے اہلکاروں کے عزم کو سراہا۔
آرمی چیف کا کہنا ہے کہ انٹر سروسز تعاون آپریشنل کامیابی کے لیے ضروری ہے۔
ایئر چیف ظہیر احمد بابر نے آرمی چیف کے دورے کو تربیت اور آپریشنل شعبے میں فوج اور فضائیہ کے درمیان تعاون بڑھانے کے عزم کا مظہر قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشق انڈس شیلڈ شریک ممالک کے درمیان باہمی تعاون میں اہم کردار ادا کرے گی اور اپنے عملے کو جنگی چیلنجوں کا سامنا کرنے کی تربیت دے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق، ایئر چیف نے آرمی چیف کا دورے پر شکریہ ادا کیا۔