ویب ڈیسک
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کی، اور ان کو پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ بننے پر مبارک باد دی۔
امریکی سفیر نے وزیر اعلیٰ کی عوام دوست پروجیکٹس کو تیزی سے عمل کرانے پر سراہا، اور کہا کہ وزیر اعلیٰ کی عوام کے فلاح و بہبود کے منصوبوں میں دلچسپی قابل ستائش ہے۔
ڈونلڈ بلوم نے امریکی سرمایہ کاری کے لیے پنجاب حکومت کے ساتھ مزید کام کرنے کی خواہش ظاہر کی، اور کہا کہ امریکا غربت کے خاتمے اور اقتصادی ترقی کے لیے پنجاب کے ساتھ مزید تعلقات بنانا چاہتا ہے۔
مریم نواز نے امریکا اور پاکستان کے اقتصادی تعلقات کے اہمیت پر زور دیا، اور کہا کہ پنجاب میں امریکی سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ زراعت، صنعت اور آئی ٹی شعبے میں امریکا کے اشتراک کا خیرمقدم کریں گے، پنجاب میں سرمایہ کاری کا پوٹینشل موجود ہے، پاکستان کو معاشی بحران سے ایک مستحکم حکومت ہی نکال سکتی ہے۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومتی معاشی پالیسیوں سے مہنگائی میں کمی آ رہی ہے، عوام کو معیاری تعلیم، صحت، سستی روٹی فراہم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی بنائی، عوام کو بنیادی حقوق اور ضروریات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔