چیئرمین سی ڈی اے نے جناح سینٹر کی تزئین و آرائش کا جائزہ لیا

نیوزڈیسک

0

اسلام آباد:شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے قبل جناح کنونشن سینٹر میں تزئین و آرائش کا کام تیز رفتار سے جاری ہے۔

اس سلسلے میں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اتوار کو جناح کنونشن سینٹر کا دورہ کیا اور جاری شدہ کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ متعلقہ شعبوں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

چیئرمین سی ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کنونشن سینٹر کی تزئین و آرائش کا کام دن رات بلا تعطل جاری ہے اور اس کا کام معروف معماروں کی نگرانی میں ہو رہا ہے۔

انہیں آگاہ کیا گیا کہ جناح کنونشن سینٹر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپگریڈ اور اپلفٹ کیا جا رہا ہے۔

بریفنگ کے دوران، محمد علی رندھاوا کو بتایا گیا کہ کنونشن سینٹر میں جدید ایس ایم ڈیز، ڈیجیٹل بورڈز اور کانفرنسنگ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

کنونشن سینٹر میں بہترین لائٹنگ اور جدید انٹرنیٹ سہولتیں بھی شامل کی جائیں گی۔ اپگریڈیشن منصوبے میں مرکزی ہال اور کمیٹی رومز کی تزئین و آرائش بھی شامل ہے۔

مزید بتایا گیا کہ کنونشن سینٹر کی فلورنگ، مرمت، پینٹنگ اور گلاس ورک بھی کیا جا رہا ہے، جبکہ فرنیچر اور کارپیٹس کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ، جناح کنونشن سینٹر کے ارد گرد خوبصورت لینڈ اسکیپنگ کے لیے شجر کاری اور ہارٹیکلچر کا کام بھی جاری ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ جناح کنونشن سینٹر کو مکمل طور پر ایک سمارٹ بلڈنگ میں تبدیل کیا جائے گا، اور اس کی تزئین و آرائش کا مقصد عالمی اور قومی تقریبات کی بہترین میزبانی کرنا ہے۔

دورے کے بعد، محمد علی رندھاوا نے پارک روڈ کا بھی معائنہ کیا اور وہاں تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے ہدایت دی کہ پارک روڈ پر جاری کام کی معیار اور رفتار کو مزید بہتر بنایا جائے اور حالیہ بارشوں کے باوجود کام کو جلد مکمل کیا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.