اسلام آباد:پاکستان کرکٹ ٹیم آج دبئی میں آئی سی سی اکیڈمی میں آئی سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پریکٹس کرے گی۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کل اسکاٹ لینڈ کے خلاف پہلا وارم اپ میچ کھیلے گی جبکہ دوسرا وارم اپ میچ 30 ستمبر کو بنگلا دیش سے ہوگا۔
سابق کپتان اور ساتواں ورلڈ کپ کھیلنے والی ندا ڈار کا کہنا ہے کہ ہم نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کی اچھی تیاری کی ہے۔ملتان میں جنوبی افریقا کے خلاف سیریز نے میگا ایونٹ کی تیاری کا موقع فراہم کیا۔
ندا ڈار کا مزید کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی گرمی پاکستان کی کنڈیشن کے مطابق ہے اور یہاں کی وکٹیں اسپنرز کو مدد فراہم کریں گی۔ ہم کوشش کریں گے کہ ورلڈ کپ میں ٹیم اچھے نتائج دے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے پاس سعدیہ اقبال اور نشرح سندھو جیسی اچھی اسپنرز ہیں، اور میں خود بھی اسپن بولنگ آل راؤنڈر ہوں۔ وارم اپ میچز بھی ہماری تیاری میں معاون ثابت ہوں گے۔