اسلام آباد:عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان بڑھ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، یکم اکتوبر سے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کی توقع ہے۔
حکومت کی جانب سے یکم اکتوبر 2024 سے آئندہ 15 روز تک پیٹرول کی قیمتوں میں کوئی بڑی تبدیلی نہ کرنے کا زیادہ امکان ہے، حالانکہ پیٹرول کی قیمت میں 0.11 روپے فی لیٹر کا معمولی اضافہ بھی تجویز کیا گیا ہے۔
دوسری جانب، ڈیزل کی قیمت میں 2.11 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔ تاہم، حکومت 16 اکتوبر 2024 سے شروع ہونے والے اگلے 15 دن میں معمولی تبدیلیاں کر سکتی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی اعلان 30 ستمبر کو کیا جائے گا، جس میں وزیر خزانہ اور وزیراعظم کی مشاورت شامل ہوگی۔
خیال رہے کہ 15 ستمبر کو وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول 249.10 روپے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل 249.69 روپے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل آئل 141.93 روپے اور مٹی کا تیل 158.47 روپے فی لیٹر پر فروخت ہو رہا ہے۔