اسلام آباد:بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سیمی گریوال نے بھارت کے مشہور صنعت کار رتن ٹاٹا کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سیمی گریوال نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر رتن ٹاٹا کے ساتھ اپنی ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے، جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ آپ چلے گئے ہیں، مگر آپ کے جانے سے ہونے والا نقصان برداشت کرنا بہت مشکل ہے۔
واضح رہے کہ ماضی میں سیمی گریوال نے اپنے ایک انٹرویو میں رتن ٹاٹا کو ڈیٹ کرنے کے بارے میں انکشاف کیا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میرا رتن ٹاٹا کے ساتھ مختصر عرصے کا تعلق رہا، مگر بریک اپ کے بعد بھی ہم قریبی دوست رہے۔
اداکارہ نے 2011ء میں بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو کے دوران یہ بھی کہا کہ رتن ٹاٹا کی نظر میں پیسے کی کبھی کوئی خاص اہمیت نہیں تھی، اور وہ بھارت سے زیادہ بیرون ملک خود کو پُرسکون محسوس کرتے تھے۔
رتن ٹاٹا نے کبھی شادی نہیں کی
بھارت کے معروف صنعت کار رتن ٹاٹا 86 برس کی عمر میں گزشتہ روز ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے، جہاں وہ کچھ عرصے سے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیر علاج تھے۔
رتن ٹاٹا 1991ء میں ٹاٹا سنز کے چیئرمین بنے اور 2012ء تک اس عہدے پر فائز رہے۔
ان کی قیادت میں ٹاٹا گروپ نے عالمی سطح پر نمایاں ترقی کی، جس میں ٹاٹا موٹرز نے “نانو ٹاٹا” کے نام سے دنیا کی سستی ترین گاڑی متعارف کروائی۔
2012ء میں انہوں نے چیئرمین کے عہدے سے ریٹائرمنٹ لے لی، لیکن بعد میں انہیں ٹاٹا سنز اور دیگر گروپ کمپنیوں، جیسے ٹاٹا موٹرز اور ٹاٹا اسٹیل کا چیئرمین ایمرٹس نامزد کیا گیا۔
رتن ٹاٹا کی میراث صرف کاروبار تک محدود نہیں تھی، بلکہ انہوں نے فلاحی خدمات میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔
ان کی قیادت میں ٹاٹا گروپ نے مختلف سماجی اور اقتصادی ترقیاتی منصوبوں میں بھی حصہ لیا۔
رتن ٹاٹا نے کبھی شادی نہیں کی، اور والدین کی علیحدگی کے بعد ان کی پرورش ان کی دادی نے کی۔
ٹاٹا گروپ میں 30 کمپنیاں شامل ہیں، جو 6 براعظموں کے 100 سے زائد ممالک میں موجود ہیں۔
اس گروپ کی مالیت 1013 کھرب روپے ہے، جو کہ پاکستان کی جی ڈی پی سے بھی کہیں زیادہ ہے۔