اداکارہ نوال سعید نے بغیر نام لیے بتایا کہ انہیں ڈراموں میں ساتھی اداکار کے ساتھ رومانوی کردار ادا کرتے وقت محبت ہوگئی تھی، لیکن بعد میں راہیں جدا کرلیں۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے، نوال سعید نے میزبان کے سوالوں کے جوابات دیۓ۔
انہوں نے بتایا کہ کبھی کبھار رومانوی ڈراموں کے کردار سے نکلنا مشکل ہوتا ہے اور ایک مرتبہ ایسا ہوا تھا کہ انہیں ساتھی اداکار سے محبت ہوگئی تھی، جو بعد میں ختم ہوگئی۔نوال سعید نے اظہار کیا کہ جب اداکار کے ساتھ دن کے 12 گھنٹے گزارتے ہیں، تو ایسا وقت فیملی کے ساتھ نہیں گزارتے، اور اس طرح ڈراموں میں رومانوی ڈائیلاگ بولنے پر محبت ہوجاتی ہے۔ یہ بہت عام بات ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جب احساس ہوتا ہے کہ دونوں افراد کی سوچ مختلف ہے تو وہ حقیقت قبول کر لیتے ہیں۔
گذشتہ سال سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ اداکار نور حسن اور نوال سعید ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں اور جلد شادی کرنے والے ہیں۔
نوال سعید نے اداکار نور حسن کے ساتھ کئی ڈرامے کیے ہیں، اور ایک ٹی وی پروگرام میں نور حسن نے اظہار کیا تھا کہ وہ نوال سعید سے دنیا بھر کی باتیں، دل کی باتیں اور احساسات کی باتیں کر سکتے ہیں۔